12 اگست 2014 - 07:16
نوری مالکی امریکہ سے نالاں

عراق کے وزیراعظم نوری مالکی نے امریکہ پر عراقی آئین کی خلاف ورزی کی حمایت کا الزام لگایا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق نوری مالکی نے حیدر العبادی کو نئی حکومت کی تشکیل کی دعوت دینے اور امریکہ کی جانب سے اس فیصلے کی حمایت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نئے وزیراعظم کی حیثیت سے ان کا انتخاب امریکہ کی حمایت سے عراقی آئین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ امریکہ خود کو ایک جمہوری ملک سمجھتا ہے اور اب وہ عراق میں آئین کی خلاف ورزی کی حمایت کر رہا ہے، مزید کہا کہ تمام اعداد و شمار کے مطابق ان کی قیادت میں حکومت قانون اتحاد کو پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل ہے اور اس کے پاس ایک سو تین پارلیمانی نشستیں ہیں۔ نوری مالکی نے کہا کہ حیدرالعبادی کے انتخاب میں آئین کی خلاف ورزی کے عراق کے لیے سیاسی و سکیورٹی نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں حکومت قانون اتحاد کا سربراہ اور حزب الدعوۃ کا صدر ہوں اور کوئي بھی شخص میری رضامندی کے بغیر وزیراعظم ہونے کا حق نہیں رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ عراق کے صدر فؤاد معصوم نے پیر کے روز حیدرالعبادی کو عراق کی نئي حکومت تشکیل دینے پر مامور کیا ہے۔

.......

/169